قرآن کریم کے حقوق اور ملّی اخوت کی اہمیت دو اہم جامعات کی پر وقار تقاریب سے خطاب گزشتہ چند دنوں کے دوران مجھے دو پر وقار تقاریب میں شرکت کا موقع میسر آیا۔ پہلی تقریب جامعہ لاہورالاسلامیہ کے امتحانی نتائج کے موقع پر لاہور کے سفاری پارک میں منعقد ہوئی۔ اہم مدارسِ دینیہ جہاں پر اسلامی تعلیم وتربیت کا اچھے طریقے سے اہتمام کرتے ہیں، وہیں پر ان میں غیر نصابی سرگرمیوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ جامعہ لاہور الاسلامیہ، لاہور کا ایک منظّم او ر معیاری ادارہ ہے۔ جامعہ کے مہتمم ڈاکٹر حافظ حسن مدنی اور ڈاکٹر حافظ حمزہ مدنی علمی ذوق رکھنے والے نوجوان ہیں، جو اپنے والد گرامی مولانا ڈاکٹر حافظ عبدالرحمٰن مدنی ﷾ کی نگرانی میں جامعہ ہذا کے اُمور چلاتے ہیں ۔ ڈاکٹر حافظ حسن مدنی جامعہ لاہور الاسلامیہ کی گارڈن ٹاؤن برانچ کے ساتھ ساتھ پنجاب یونیورسٹی کے ادارہ علومِ اسلامیہ سے وابستہ ہیں اور دینی اور دنیاوی علوم پر گہری نگاہ رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر حافظ حمزہ مدنی دینی علوم کے ماہر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ممتاز قاری ہیں